ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے ہیٹ ویو کا خدشہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر کے خدشے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی ہیٹ ویو کا امکان ہے، شہر قائد میں پارہ 40 سے 43 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے چند اضلاع میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری صبح 10 سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف اور گلیشیئر تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے بعض علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔