جنگ اور مذاکرات کا انتخاب قومی مفادات اور مناسب وقت کے مطابق کرینگے: ایران

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران جنگ اور مذاکرات کا انتخاب اپنے قومی مفادات اور مناسب وقت کے مطابق کرے گا۔

ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ہم ناصرف لڑائی لڑنے جا رہے ہیں اور نہ ہی صرف مذاکرات کرنے بلکہ ہم اپنی مرضی اور اپنے وقت کے مطابق جنگ بھی کریں گے اور مذاکرات بھی، ایران کا بنیادی مقصد جنگ کا خاتمہ اور پائیدار امن و سلامتی کا قیام ہے، مخالف فریق پر کسی قسم کا اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے لبنان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سفارتی محاذ، عسکری محاذ کے ساتھ مل کر دشمن کو پسپا کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے، لبنان کے معاملے نے ثابت کیا کہ سفارت کاری اور عسکری کارروائیاں ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہوئے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنا سکتی ہیں۔

قالیباف کے مطابق بعض مواقع پر بیروت پر حملے کو مذاکرات معطل کرنے کی دھمکی دے کر روکا گیا جبکہ بعض اوقات عملی جوابی کارروائی کے ذریعے دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمندری ناکہ بندی کو دشمن کی ناکامی میں تبدیل کر دیا جائے گا اور اس حوالے سے ایران اپنی حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں