وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی فضل الرحمان سے ملاقات، وفاقی بجٹ بارے گفتگو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی مفتی محمود مرکز آمد، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبائی حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جد و جہد پر تبادلہ خیال کیا گیا، اگلے مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ، صوبے کے شیئر سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ نہیں مل رہا، پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے گندم کی فراہمی بند کر رکھی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کو گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں انتہائی تشویشناک ہیں، خیبرپختونخوا 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس پیدا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود صوبے کو اس کے جائز حصے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ صرف 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کرتا ہے، اس کے باوجود گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کا طرز عمل آئین کے آرٹیکل 151 اور آرٹیکل 158 کی صریح خلاف ورزی ہے، وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سینئر رہنما بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں