آبنائے ہرمز میں خلاف ورزی برداشت نہیں کرینگے، مارکو روبیو کا بھارتی ہم منصب کو انتباہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطے میں آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں بحری سلامتی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی یا ہدایات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو امریکی افواج کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا جبکہ امریکی فوج خطے میں امن اور بحری سلامتی برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور اس پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے ایک آئل ٹینکر پر مبینہ امریکی کارروائی کے بعد سینئر امریکی سفارت کار کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان رابطہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوا ہے جبکہ صورتحال پر مزید پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں