واشنگٹن چاہتا ہے خلیجی ممالک ایران بارے حکمت عملی کی حمایت کریں: امریکی تھنک ٹینک
واشنٹگن: (دنیا نیوز) امریکی تھنک ٹینک کیٹو انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے امریکا چاہتا ہے کہ خلیجی ممالک ایران سے متعلق حکمت عملی کی حمایت کریں، کیونکہ یہ ممالک امریکی سکیورٹی اور توانائی کے مفادات کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
کیٹو انسٹیٹیوٹ کے سینئر فیلو اور سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کے سابق معاون خصوصی ڈاؤگ بینڈو نے کہا ہے کہ گلف ممالک طویل عرصے سے امریکا کے اہم اتحادی ہیں، امریکا کے ان ممالک میں فوجی اڈے موجود ہیں، ان کی سلامتی واشنگٹن کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اس وجہ سے بھی اہم ہیں کہ وہ دنیا کے بڑے توانائی پیدا کرنے والے ممالک میں شمار ہوتے ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا سب سے اہم موضوع آبنائے ہرمز ہوگا۔
ڈاؤگ بینڈو نے مزید کہا کہ دونوں فریق برتری حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہر ایک اپنی طاقت اور اثر و رسوخ کو نمایاں کرنا چاہتا ہے، ایران کا سب سے مضبوط ہتھیار آبنائے ہرمز پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے مذاکرات کے لیے 60 روز کی مدت مقرر کی ہے تاہم معاہدے تک پہنچنے میں اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔