سوات: سیف اللہ جھیل کشتی حادثہ، تحقیقات کیلئے 2 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل
سوات: (دنیا نیوز) سوات میں سیف اللہ جھیل کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے خیبر پختونخوا حکومت نے دو رکنی اعلی سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
حکومت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد آیاز کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ زبیر احمد سپیشل سیکرٹری فنانس کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کشتی حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی، کمیٹی کو ماہرین کی خدمات لینے، متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار ہوگا، ا نکوائری کمیٹی اپنی سفارشات 7 روز کے اندر حکومت خیبر پختونخوا کو پیش کرے گی۔
حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سوار تھے جن کا تعلق لاہور سے تھا، ریسکیو ٹیموں نے 6 افراد کی لاشوں کو نکال لیا تھا جبکہ ایک 17 سالہ خاتون تاحال لاپتہ ہے، جس کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔