یوکرین کے ایک رات میں روس پر 376 ڈرون حملے، آئل ریفائنری اور بندرگاہ کو نشانہ بنایا گیا
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ رات روس کے مختلف علاقوں اور بحیرہ آزوف کے اوپر 376 یوکرینی فکسڈ وِنگ ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔
حملوں کے بعد کراسنودار ریجن کی ایک آئل ریفائنری، آزوف میں تیل کی دو تنصیبات اور ٹاگانروگ کی بندرگاہ پر آگ لگ گئی، جبکہ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کا انخلا بھی کیا جا رہا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق ڈرونز بیلگورود، بریانسک، کالوگا، کرسک، لینن گراڈ، نووگورود، پسکوف، روستوف، اسمولینسک، ٹویر، ماسکو اور کراسنودار ریجنز کے علاوہ جمہوریہ کریمیا اور بحیرہ آزوف کے اوپر مار گرائے گئے۔
روسی حکام کے مطابق کراسنودار ریجن کے سیورسکی ضلع میں واقع ایلسکی آئل ریفائنری پر ڈرون کے ملبے کے گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، علاقائی آپریشنل ہیڈکوارٹرز نے بتایا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق ڈرون کا ملبہ سیورسکایا گاؤں میں ایک نجی گھر کے صحن اور ایک صنعتی ادارے کے احاطے میں بھی گرا، تاہم وہاں بھی کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ہنگامی اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں مختلف مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ادھر روستوف ریجن کے گورنر یوری سلوسار نے بتایا کہ ڈرون حملے کے بعد آزوف میں تیل سے متعلق دو تنصیبات پر آگ لگ گئی، تاہم کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ان کے مطابق فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی ادارے آگ بجھانے کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آزوفسکی ضلع کے گاؤں کاگالنک میں بھی ڈرون حملے کے باعث ایک انتظامی عمارت میں آگ لگ گئی، جس پر بعد ازاں مکمل طور پر قابو پا لیا گیا، جبکہ اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق ڈرون حملے کے بعد ٹاگانروگ کی بندرگاہ پر بھی آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
گورنر یوری سلوسار نے مزید بتایا کہ ٹاگانروگ میں گرنے والے ڈرون کے ملبے سے ایک نجی گھر کی کھڑکیوں اور دروازوں کو نقصان پہنچا، جبکہ ایک انتظامی عمارت کی چھت میں بھی آگ لگ گئی، جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔
دوسری جانب ٹاگانروگ کی میئر سویتلانا کامبولوا کے مطابق ڈرون حملے کے بعد ہنگامی زون میں آنے والے گھروں کے رہائشیوں کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔