میر رضا کیس: اہلِ خانہ کا جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے عدالت سے رجوع

کراچی: (دنیا نیوز) نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کی تحقیقات کے معاملے پر متوفی کے اہلِ خانہ نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی مخالفت کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تشکیل کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

میر رضا کے اہلِ خانہ کے وکیل جبران ناصر نے ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت اور پولیس کی جانب سے شواہد کے تحفظ سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

وکیل جبران ناصر نے کہا کہ پہلے دن سے اس کیس کی تحقیقات میں شدید شکوک و شبہات موجود ہیں، اور جیو فینسنگ کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی برآمدگی سے متعلق بھی اہم سوالات اٹھ رہے ہیں، جوڈیشل کمیشن صرف اپنے حقائق یا فائنڈنگز دے سکتا ہے جس کی ہم حمایت نہیں کر رہے، کیونکہ اصل کام اور چھان بین تفتیشی اداروں کی جانب سے ہونی چاہیے۔

وکیل نے سوال اٹھایا کہ تفتیش کے ابتدائی مرحلے میں اہم شواہد کیوں ضائع ہوئے اور اس غفلت میں ملوث حکام کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔

جبران ناصر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے ہائی کورٹ کے جج کو نامزد کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے، اس کی سرکاری کاپی ابھی تک متاثرہ فیملی کو فراہم نہیں کی گئی، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی ایک خط تحریر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جوڈیشل کمیشن انہی مقدمات میں قائم ہوتا ہے جہاں متعلقہ کمیٹی کی سفارش موجود ہو، اس لئے ہماری استدعا ہے کہ مختلف سکیورٹی و انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک بااختیار جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

جبران ناصر نے تفتیشی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیشی افسر میجسٹریٹ کے سامنے پیش تو ہوئے ہیں، لیکن نہ تو انہوں نے کسی ملزم کو نامزد کیا ہے اور نہ ہی فی الحال کسی ضمنی چالان پیش کیے جانے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانی تفتیشی ٹیم کے خلاف اگر کوئی قانونی یا انتظامی کارروائی کی جا رہی ہے تو اس سے بھی اہلِ خانہ کو آگاہ کیا جائے، کیونکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سابق تفتیشی ٹیم سے کوئی پوچھ گچھ کی گئی ہے یا نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...