بھارت میں 36 برس تک 300 لگژری ہوٹلوں کو چکما دینے والا فراڈیا سامنے آگیا
نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں 36 برس تک 300 سے زائد لگژری ہوٹلوں کو چکما دینے والا فراڈیا گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ شخص بنگسن جان کو مبینہ طور پر گزشتہ 36 برس کے دوران ملک بھر کے 300 سے زائد لگژری ہوٹلوں کو دھوکا دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
رہورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم جعلی شناخت کے ذریعے فائیو سٹار ہوٹلوں میں قیام کرتا، کئی روز تک سہولتیں استعمال کرنے کے بعد بل ادا کیے بغیر روانہ ہو جاتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض مواقع پر وہ ہوٹلوں سے قیمتی سامان بھی ساتھ لے جاتا تھا۔
ملزم کو ریاست اڑیسہ کے شہر بھونیشور سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور کے ایک لگژری ہوٹل نے شکایت درج کرائی۔
بھارتی پولیس کا کہنا تھا ملزم نے ہوٹل میں دو روز قیام کیا، 63 ہزار 755 بھارتی روپے کا بل ادا کیے بغیر فرار ہو گیا اور مبینہ طور پر ایک لاکھ 48 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ بھی ساتھ لے گیا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ مبینہ طور پر چوری ہونے والے لیپ ٹاپ کی ٹریکنگ کے ذریعے ملزم کا سراغ لگایا گیا جس کے بعد اسے بھونیشور سے گرفتار کر لیا گیا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ مبینہ فراڈ 1990 سے جاری تھا جب کہ حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایک ہی طریقۂ واردات استعمال کرتے ہوئے 300 سے زائد فائیو سٹار ہوٹلوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم جعلی شناختوں کے ذریعے ہوٹل انتظامیہ کا اعتماد حاصل کرتا، لگژری ہوٹلوں میں قیام کرتا اور بل ادا کیے بغیر فرار ہو جاتا تھا۔