دہشت گردوں پر ہر وار کاری، آپریشن شعبان جاری: جہنم واصل دہشتگردوں کی تعداد 64 ہو گئی

کوئٹہ: (دنیا نیوز) آپریشن شعبان کے تحت پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی کارروائیوں میں مزید 21 خارجی ہلاک ہو گئے جس کے بعد جہنم واصل دہشتگردوں کی تعداد 64 ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو فضائی اور زمینی آپریشنز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، اسکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں این 25 کراسنگ کے قریب کارروائی کی، جس میں فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ، دستی بم، موٹرسائیکل، موبائل فون و دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔

مجموعی طور پر 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 102 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کیے جا چکے، سکیورٹی ذرائع نے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نے آپریشن شعبان کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

خیال رہے کہ 5 جولائی کو فتنہ الخوارج نے ہنہ اوڑک میں نہتے عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا، دہشت گردوں کے حملے میں 4 شہری شہید اور ایک زخمی ہو گیا، اس پر وزیراعظم کی سربراہی میں کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔

اپیکس کمیٹی اجلاس میں فتنہ الخوارج کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا جو جاری ہے، بلوچستان میں شعبان کے علاقے میں فتنہ الخوارج کی کمین گاہیں موجود ہیں، جہاں پاک فوج، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوان آپریشن میں مصروف ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے، جبکہ مسلسل پیش قدمی بھی جاری ہے، آپریشن شعبان کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے درجنوں دہشتگرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں