برطانوی وزیرِاعظم آج یوکرین پہنچیں گے، روس نے لندن سے سفیر واپس بلا لیا

لندن، ماسکو: (دنیا نیوز) برطانیہ کے وزیر اعظم اینڈی برنہم عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں کیف کا دورہ کریں گے جبکہ اس دورے کے خلاف احتجاجاً روس نے لندن سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔

برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے اور سابق وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے تحت فرانس اور برطانیہ کی طرف سے قائم کردہ رضامندی اتحاد کے اپنے پہلے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

برنہم کا کہنا تھا کہ یوکرین کی آزادی کی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر، یوکرین کے عوام کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے، برطانیہ آج اور جتنا وقت لگے گا، آپ کے ساتھ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کو ہمارے عزم پر کوئی شک نہیں ہونا چاہئے، ہم اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک کہ ایک منصفانہ اور دیرپا امن قائم نہ ہو جائے۔
دوسری طرف یوکرین جنگ میں برطانیہ کی حمایت کے معاملے پر روس اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی، روس نے لندن میں اپنے سفیر آندرے کیلِن کا سفارتی مشن ختم کردیا ہے۔

روسی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ آندرے کیلِن اب برطانیہ میں سفیر کے عہدے پر موجود نہیں ہیں، روس اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور اس کی ذمہ داری لندن پر عائد ہوتی ہے، تاہم ماسکو نے واضح کیا کہ سفیر کی واپسی کا مطلب دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات ختم کرنا نہیں ہے۔

برطانوی دفتر خارجہ نے روسی سفیر کی واپسی کو روسی وزارت خارجہ کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ ماسکو میں اپنے سفیر اور سفارتخانے کے ذریعے روسی حکومت سے رابطے جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...