عمان اور ایران کا تکنیکی و سیاسی سطح پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

دوحہ: (دنیا نیوز) عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی قانون کے مطابق بحری جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کیلئے تکنیکی اور سیاسی سطح پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسقط میں آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت سے متعلق مذاکرات ہوئے۔

بیان کے مطابق فریقین نے حالیہ علاقائی پیشرفت اور اس کے اثرات کے تناظر میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سلامتی اور آزادی کو یقینی بنانے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔

عمان اور ایران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس اہم آبی گزرگاہ میں بین الاقوامی قانون کے مطابق محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے تکنیکی اور سیاسی سطح پر مشاورت اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں