ایران کا آبنائے ہرمز پر کوئی کنٹرول نہیں، جہازوں کی آمدورفت جاری ہے: سینٹکام

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ ایران کا آبنائے ہرمز پر کوئی کنٹرول نہیں، جبکہ بین الاقوامی آبی گزرگاہ قانونی طور پر تمام جہازوں کے لیے کھلی ہے اور جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

سینٹکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ایرانی جارحیت، ہراسانی، دھمکیوں اور خودساختہ اعلانات کے باوجود عالمی بحری راستے کو کھلا رکھا جائے گا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید اعلان کیا کہ ایران کے خلاف حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے قبرص کے پرچم بردار ایک کنٹینر بردار جہاز پر حملے کے بعد کی گئی۔

سینٹکام کے مطابق ایرانی حملے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کا ایک رکن لاپتہ ہو گیا، جبکہ جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور انجن روم کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث جہاز اپنا سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکا نے اس سے قبل بھی ایران کو تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد اپنا طرزِ عمل بہتر بنانے اور مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی پاسداری کا موقع دیا تھا، تاہم ایران ایک بار پھر ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف یہ کارروائیاں امریکی صدر کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں