پاک چین اقتصادی تعاون، 20 ارب ڈالر سرمایہ کاری معاہدوں پر پیشرفت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں معیاری سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ برآمدات میں اضافے اور نجی شعبے کے تعاون پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کے وعدوں کو جلد عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا ضروری ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے بتایا کہ چینی اداروں کے ساتھ 20 ارب ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر اتفاق ہو چکا ہے، جبکہ 20 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری معاہدوں پر عملدرآمد کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فارماسیوٹیکل اور بایوٹیکنالوجی کے شعبوں میں 9 نئے معاہدے طے پا چکے ہیں، 150 سے زائد چینی کمپنیوں سے سرمایہ کاری کے لیے رابطے جاری ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس، ٹیکسٹائل، برآمدی صنعتوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) میں تعاون بڑھانے، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں چینی مالیاتی اداروں، اے آئی آئی بی، سلک روڈ فنڈ، پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کے تحت تعاون کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کی چینی منڈی تک رسائی بہتر بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments