سکندر رضا زمبابوے کے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کرکٹر بن گئے
ہرارے: زمبابوے کے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا اپنے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کرکٹر بن گئے۔
40 سالہ سکندر رضا نے بلاوایو میں کھیلے گئے میچ کے ساتھ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا 314واں میچ کھیلا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق کپتان ہیملٹن مساکادزا کے 313 بین الاقوامی میچوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔
سکندر رضا یہ تاریخی سنگ میل فتح کے ساتھ یادگار نہ بنا سکے کیونکہ بنگلا دیش نے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
— Zimbabwe Cricket (@ZimCricketv) July 19, 2026
سکندر رضا نے 2013 میں بنگلا دیش کے خلاف ہی زمبابوے کی نمائندگی کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ 22 ٹیسٹ، 156 ایک روزہ اور 136 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔
زمبابوے اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تاہم بنگلا دیش نے اوپنر تنزید حسن کی ناقابل شکست 66 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت ہدف دو گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments