ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا سخت ردعمل، امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی وارننگ
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ دھمکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تو مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکا سے وابستہ اہم تنصیبات بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایک نامعلوم فوجی ذریعے نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری کے استعمال کے حوالے سے ایران کا عزم غیر متزلزل ہے اور وہ اس اہم آبی گزرگاہ کو اپنے خلاف خطرہ بننے کی اجازت نہیں دے گا۔
فوجی ذریعے کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے پلوں یا بجلی گھروں پر حملہ کیا تو ایران بھی عرب ممالک میں موجود امریکا سے وابستہ اہم شہری بنیادی ڈھانچوں، بشمول پلوں، بجلی گھروں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ دس دنوں کے واقعات کے بعد امریکیوں کو یہ یقین ہو جانا چاہیے کہ ایران جہاں چاہے کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فوجی عہدیدار نے خبردار کیا کہ اگر صدر ٹرمپ نے ایسا کوئی "خطرناک جوا" کھیلا تو اس کا انجام ایک بار پھر ان کے لیے سبکی اور شرمندگی کی صورت میں نکلے گا۔
ایرانی ذریعے نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ایران آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری کا حق استعمال کرتا رہے گا اور اس اہم سمندری گزرگاہ پر اپنے کنٹرول سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ اگر ایران کی پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز میں کسی تجارتی جہاز پر میزائل، راکٹ، ڈرون یا کسی اور ہتھیار سے حملہ کرتی ہے تو امریکا ہر ایسے واقعے کے جواب میں ایران کے ایک پل یا بجلی گھر کو تباہ کر دے گا، خواہ وہ تہران کے قریب ہی کیوں نہ واقع ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments