مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط میرے لیے اعزاز ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کو اپنے لیے فخر اور اعزاز قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر اور اعزاز حاصل ہے کہ میں نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر اپنے عزیز بھائیوں، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ دستخط کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاہدہ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان ایمان، باہمی دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ حرمین شریفین کے مبارک سائے میں طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن و استحکام کا ضامن بنے، تینوں ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی کا باعث ہو اور پوری امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ ثابت ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، غیر معمولی لگن اور مسلسل کوششوں نے اس اہم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments