بھارت: قتل کا مفرور ملزم نام بدل کر 27 برس تک ڈاکٹر بنا رہا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں قتل کے ایک ایسے مفرور ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جو نام بدل کر 27 برس تک دوسرے شہر میں ڈاکٹر کے طور پر رہ رہا تھا۔

نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاری مدھیہ پردیس کے ایک دور افتادہ علاقے سے کی گئی ہے، 1998 میں راجندر سنگھ یادو نے ایک پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا، جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا، تاہم اگلے سال سماعت کے لیے لے جاتے ہوئے وہ ہتھکڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

اس کے بعد اس کا کوئی پتہ نہیں چلا تھا، اس دوران وہ مدھیہ پردیش کے ایک دور افتادہ علاقے میں نہ صرف منتقل ہوا بلکہ نام بھی تبدیل کر لیا، اس نے خود کو وہاں ایک ڈاکٹر کے طور پر متعارف کرایا اور کلینک کھول کر لوگوں کا علاج بھی شروع کیا۔

راجندر سنگھ یادو نے کچھ عرصہ بعد اسی علاقے میں شادی بھی کر لی اور اس کے دو بچے بھی ہیں، اسی طرح وہ پراپرٹی کے کام سے بھی وابستہ ہوا اور مالی حالت بھی کافی بہتر کر لی، تاہم 27 برس بعد کسی طور پولیس کو اس کی بھنک پڑ گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کافی روز تک ملزم کی نگرانی کی گئی اور اچھی طرح تسلی کی گئی یہ وہی شخص ہے، اس کے بعد چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 53 سالہ راجندر سنگھ یادو مدھیہ پردیش کے علاقے اشوک نگر میں ڈاکٹر جھٹکا کے نام سے مشہور تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...