کولمبیا میں 7.4 شدت کا زلزلہ، بڑے پیمانے پر تباہی، درجنوں ہلاکتیں

بوگاٹا: (دنیا نیوز) کولمبیا میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز کولمبیا کے صوبے چوکومیں سان خوسے ڈیل پالمر کے قریب تھا، جہاں شدید جھٹکوں کے باعث عمارتوں کو نمایاں نقصان پہنچا۔

چوکوسے متعلق حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت کیوبڈو میں بھی زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، صوبائی گورنر نوبیا کیرولینا کورڈوبا نے زلزلے کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک، زخمی ہونے اور اہم نوعیت کے مالی و انفراسٹرکچر نقصان کی تصدیق کی ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکے کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے، جبکہ ہمسایہ ممالک وینزویلا اور ایکواڈور کے بعض علاقوں میں بھی شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔

بوگوٹا کے میئر کے مطابق دارالحکومت میں زلزلے کے باوجود بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع نہیں ملی، زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، متعدد مقامات پر عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ کچھ عمارتوں کے گرنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، حکام کی جانب سے نقصانات اور جانی نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

زلزلے کے بعد مزید جھٹکوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں امدادی اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امریکی سونامی وارننگ سسٹم کے مطابق اس زلزلے سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...