روس جیسے وسیع ملک میں علاقوں کا آبادی سے خالی ہونا ناقابل قبول ہے: صدر پوتن

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس جیسے وسیع رقبے کے حامل ملک میں مختلف علاقوں کا آبادی سے خالی ہونا ناقابل قبول ہے، حکومت کو ایسے حالات پیدا کرنا ہوں گے کہ نوجوان اپنے آبائی شہروں اور قصبوں میں رہیں، کام کریں اور وہیں اپنا مستقبل تعمیر کرسکیں۔

شہری منصوبہ بندی اور علاقائی ترقی کے شعبے سے وابستہ نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت اور دیگر آئی ٹی سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی ترقی کے لیے متوازن حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر پوتن کے مطابق روس میں 2 ہزار 160 اہم شہروں اور قصبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں ملک کی تقریباً 75 فیصد آبادی رہتی ہے، ان علاقوں کے لیے ترقیاتی پروگرام تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد اقتصادی، سماجی اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ لاکھوں افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ نوجوانوں کی اس خواہش کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ اپنے آبائی شہروں یا دیہات میں رہیں اور وہیں اپنا مستقبل بنائیں، ان کے مطابق ان منصوبوں پر منظم انداز میں کام جاری ہے اور اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔

پوتن نے روسی شہروں کو جدید بنانے کے دوران ان کی تاریخی اور منفرد شناخت محفوظ رکھنے پر بھی زور دیا، انہوں نے کہا کہ جدید اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ نئی تعمیرات کو پہلے سے موجود شہری ماحول میں اس طرح شامل کیا جائے کہ شہروں کی تاریخی شکل اور ثقافتی ورثہ متاثر نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ روس کے مختلف شہروں اور علاقوں کی ثقافتی و تاریخی انفرادیت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ انہیں نئی زندگی دینے کی ضرورت ہے۔

صدر پوتن نے خصوصی فوجی آپریشن کے سابق فوجیوں کے حوالے سے کہا کہ انہیں صرف دوبارہ شہری زندگی میں واپس لانا کافی نہیں، بلکہ انہیں زندگی میں آگے بڑھنے، نیا پیشہ اختیار کرنے اور ضروری سہولیات حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں۔

روسی صدر نے مشرق بعید اور ٹرانس بائیکال علاقوں کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان خطوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق معیشت، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ لوگوں کے لیے ایسا ماحول بنانا بھی ضروری ہے جہاں وہ مستقل رہنا اور اپنے بچوں کی پرورش کرنا چاہیں۔

پوتن نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں مناسب رہائشی ماحول اور بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں تو لوگ وہاں مستقل آباد ہونے کے بجائے صرف روٹیشن کی بنیاد پر کام کرنے کے لیے آئیں گے۔

روسی صدر نے شہروں کی ترقی کے لیے ماسٹر پلان سے متعلق قانون کی ضرورت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے واضح کیا جاسکے گا کہ کہاں، کب اور کیا تعمیر کیا جانا ہے، منصوبے کے اہداف کیا ہوں گے اور ان کے کیا نتائج حاصل کیے جائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...