آزاد کشمیر انتخابات: ایل اے 14 غربی باغ میں بڑا اپ سیٹ، ساجد اقبال کی سردار عتیق کو شکست

مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں حلقہ ایل اے 14 غربی باغ، دھیرکوٹ میں بڑا سیاسی اپ سیٹ سامنے آیا ہے۔

جہاں موصول ہونے والے غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عتیق احمد خان کے خلاف فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

حلقے کے 214 میں سے 130 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال 25 ہزار 548 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جب کہ سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان 12 ہزار 511 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اس طرح سردار ساجد اقبال کو سردار عتیق احمد خان پر 13 ہزار 37 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

دھیرکوٹ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بقیہ پولنگ سٹیشنز کے نتائج بھی سردار ساجد اقبال کی موجودہ برتری کو ختم کرنے کے لیے کافی نظر نہیں آ رہے، تاہم انتخابی نتائج مکمل ہونے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ اعلان تک کامیابی کو حتمی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

سردار عتیق احمد خان کے خاندان کا آزاد کشمیر کی سیاست میں سات دہائیوں سے زائد عرصے تک نمایاں سیاسی اثر و رسوخ رہا ہے، اسی تناظر میں ایل اے 14 غربی باغ کا موجودہ انتخابی نتیجہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم اور غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

انتخابی معرکے میں سردار ساجد اقبال کو جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی جب کہ سردار عتیق احمد خان مسلم کانفرنس کے امیدوار کے طور پر میدان میں تھے، حلقے میں انتخابی مہم کے دوران دونوں جانب سے بھرپور سیاسی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔

پولنگ کے روز حلقے کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جب کہ انتخابی عمل کو پرامن رکھنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

130 پولنگ سٹیشنز کے نتائج سامنے آنے کے بعد سردار ساجد اقبال کی 13 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری نے ان کے حامیوں میں جشن اور اطمینان کی فضا پیدا کردی ہے، دوسری جانب سردار عتیق احمد خان کے لیے یہ نتیجہ ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

حلقہ ایل اے 14 غربی باغ کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج مکمل ہونے کے بعد حتمی پوزیشن واضح ہوگی جب کہ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے باضابطہ نتیجے کے اعلان کے بعد ہی کامیاب امیدوار کی حتمی تصدیق ہوسکے گی۔

خیال رہے ابتدائی نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال 25 ہزار 548 ووٹ کے ساتھ پہلے اور سردار عتیق احمد خان 12 ہزار 511 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...