رجب بٹ کا سالگرہ پر مبینہ طور پر سابق اہلیہ کو ہتک عزت کا نوٹس
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے مبینہ طور پر اپنی سابق اہلیہ ایمان فاطمہ کو ان کی سالگرہ کے موقع پر ہتک عزت کا قانونی نوٹس اور بیٹے کی کسٹڈی سے متعلق نوٹس بھجوا دیا۔
اس بات کا انکشاف ایمان فاطمہ نے اپنے بھائی عون شیخ کے حالیہ وی لاگ میں کیا، جس میں دونوں کو ایمان کی سالگرہ کے تحائف کھولتے ہوئے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں ایمان کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ مجھے مزید بھی ’پیارے تحفے‘ موصول ہوئے ہیں، جن میں ایک ہتک عزت کا نوٹس اور ایک بیٹے کیوان کی کسٹڈی سے متعلق نوٹس شامل ہے۔
رجب بٹ کی جانب سے تاحال ان مبینہ قانونی نوٹسز کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی 2024ء میں ہوئی تھی، جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی تھیں، تاہم بعد ازاں ازدواجی زندگی میں اختلافات سامنے آئے، ایمان کے بھائی عون شیخ نے الزام عائد کیا تھا کہ رجب بٹ نے ایمان کے حمل کے دوران انہیں دھوکا دیا۔
دونوں کے ہاں بیٹے کیوان سلطان کی پیدائش ستمبر 2025ء میں ہوئی، بعد ازاں رجب بٹ نے ایک پوڈکاسٹ میں شادی ختم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا، جس کے کچھ عرصے بعد ایمان کو طلاق کا نوٹس بھیجا تھا۔
ایمان نے یہ نوٹس اپنی انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس صورتِ حال نے مجھے اور میرے بیٹے کو شدید متاثر کیا ہے۔
دونوں کی علیحدگی کا معاملہ کئی ماہ تک سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہا، عون شیخ بھی باقاعدگی سے اپنی بہن کے دفاع میں بیانات دیتے رہے اور رجب بٹ سے سوشل میڈیا پر الجھتے رہے۔
جولائی 2026ء میں عون شیخ نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور رجب بٹ و ایمان فاطمہ میں صلح ہوگئی ہے۔ تاہم رجب بٹ نے ٹک ٹاک لائیو کے دوران اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ طلاق ہو چکی ہے اور وہ اس معاملے کو ختم سمجھتے ہیں، وہ اپنے بیٹے کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
رجب بٹ پاکستان کے مقبول ترین سوشل میڈیا کریئیٹرز میں شمار ہوتے ہیں، یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد تقریباً 90 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد تقریباً 29 لاکھ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments