ایران کا امریکی و اسرائیلی انٹیلی جنس سے وابستہ 2 افراد ہلاک کرنے کا دعویٰ

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس سے وابستہ 2 افراد کو ہلاک جبکہ 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق وزارتِ انٹیلی جنس نے بتایا کہ کارروائی میں 2 الگ آپریشنل سیلز کو نشانہ بنایا گیا، جن پر ایران میں عدم استحکام پیدا کرنے، حساس تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 4 افراد کو ملک میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد امریکا اور اسرائیل کی انٹیلی جنس سے وابستہ تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے سیستان و بلوچستان میں مبینہ دہشت گرد گروہ سے منسلک 2 آپریشنل سیلز کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی حکومت نے ہلاک اور گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت، قومیت یا ان سے منسوب مبینہ کارروائیوں کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد کا مقصد صوبے میں تخریبی کارروائیاں کرنا اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا تھا۔

سیستان و بلوچستان ایران کا جنوب مشرقی صوبہ ہے جہاں طویل عرصے سے مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور سیکیورٹی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ ایران ماضی میں بھی اس علاقے میں مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ہلاکتوں اور گرفتاریوں کا اعلان کرتا رہا ہے۔

جون 2026 میں بھی ایرانی حکام نے اسی خطے میں سیکیورٹی کارروائی کے دوران 5 مسلح افراد کو ہلاک اور 19 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایرانی حکام ان کارروائیوں کو دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام قرار دیتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...