نئے انتظامی یونٹس سے صرف کراچی نہیں، پورے پاکستان کے مسائل حل ہوں گے: مصطفیٰ کمال
کراچی :(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس سے صرف کراچی نہیں، پورے پاکستان کے مسائل حل ہوں گے۔
پروگرام ”سنو ٹو نائٹ ود ثمر عباس“ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ دنیا نے ترقی نئے انتظامی یونٹس قائم کرکے کی ہے، پاکستان میں بھی نئے انتظامی یونٹس وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بغیر کسی موجودہ باؤنڈری کو چھیڑے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کریں گے۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے صرف کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ پورے پاکستان کو اس کے فوائد حاصل ہوں گے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبوں سے متعلق میاں عامر محمود کی تجاویز کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی ڈھانچے میں بہتری اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوامی مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کابینہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں وہی چیز آتی ہے جو پہلے سے طے ہو چکی ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے انتظامی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس پر سنجیدگی سے غور ضروری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments