آزاد کشمیر کی مخصوص نشستیں، نواز شریف نے خواتین امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلئے
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پارٹی ٹکٹ کی خواہشمند خواتین امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔
مری میں ہونے والے انٹرویوز کے دوران نواز شریف نے خواتین امیدواروں کے سیاسی پس منظر، پارٹی کے لیے خدمات اور عوامی خدمت سے متعلق تفصیلات معلوم کیں، جبکہ امیدواروں کے پروفائلز اور سیاسی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آزاد کشمیر اسمبلی کی آٹھ مخصوص نشستوں پر نامزدگیوں کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رکھا۔ ان نشستوں میں پانچ خواتین، ایک علما و مشائخ، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے لیے مخصوص نشست شامل ہے۔
حالیہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 45 براہ راست منتخب نشستوں میں سے 25 نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 12 نشستیں حاصل کیں۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے مخصوص نشستوں پر نامزدگیوں اور نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ پارٹی کی جانب سے مخصوص نشستوں کے لیے حتمی نام مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
خواتین امیدواروں کے انٹرویوز کے موقع پر پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، انوشہ رحمان اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments