پاکستان کی ثالثی نے دنیا کو امن کی جانب بڑھنے کا راستہ دیا: کینیڈین سیکرٹری آف سٹیٹ

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) کنیڈین سیکرٹری آف اسٹیٹ جان زیروچیلی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کے دوران پاکستان نے قیامِ امن کیلئے انتہائی مثبت اور قابلِ قدر کردار ادا کیا، پاکستان کی ثالثی نے دنیا کو امن کی جانب بڑھنے کا راستہ فراہم کیا۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جان زیروچیلی نے کہا کہ عالمی امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو کینیڈا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، پاکستان نے مشکل وقت میں تصادم کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور پاکستان کا امن کیلئے کردار صرف خطے ہی نہیں بلکہ عالمی استحکام کیلئے بھی اہم ہے۔

کینیڈین سیکرٹری آف سٹیٹ کا کہنا تھا کہ ایران، امریکہ تنازع میں پاکستان امن کی ایک اہم آواز بن کر سامنے آیا، دنیا پاکستان کو صرف ایک بڑی مارکیٹ نہیں بلکہ خطے میں امن اور معاشی رابطے کے اہم شراکت دار کے طور پر دیکھ سکتی ہے۔

جان زیروچیلی نے پاکستان اور کینیڈا کے اقتصادی و تجارتی تعلقات بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک موجودہ تجارت کو کہیں بڑی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرسکتے ہیں، کینیڈا نئی عالمی منڈیوں اور تجارتی شراکت داروں کی جانب بڑھ رہا ہے اور پاکستان اہم مارکیٹ بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے کینیڈین کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے منفرد مارکیٹ بناتی ہے، پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان اہم تجارتی رابطہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، کینیڈین کمپنیوں کیلئے پاکستان میں زراعت، ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستانی مصنوعات کیلئے بھی کینیڈین مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے۔

جان زیروچیلی نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کو روایتی تجارت سے آگے بڑھ کر سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنا چاہیے، پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے نئے دروازے کھل رہے ہیں، کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحول میں مزید بہتری دونوں ممالک کیلئے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی استحکام کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے سرمایہ کاری اور تجارت پر مزید توجہ دینا ہوگی، پاکستانی معیشت کینیڈا سمیت عالمی سرمایہ کاروں کیلئے اہم مواقع پیدا کرسکتی ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارت محض اشیا کی خرید و فروخت نہیں بلکہ طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کی بنیاد بن سکتی ہے۔

کینیڈین سیکرٹری آف سٹیٹ نے پاکستان کی موجودہ عسکری قیادت کے علاقائی استحکام کیلئے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عسکری قیادت کی جانب سے خطے میں امن اور استحکام کیلئے اقدامات اہم ہیں، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا مذاکرات اور علاقائی استحکام کی حمایت کرنا مثبت پیش رفت ہے۔

جان زیروچیلی کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت تصادم نہیں بلکہ مذاکرات اور ذمہ دار قیادت کی ضرورت ہے، پاکستان نے اسی سمت اہم کردار ادا کیا، کینیڈا اور پاکستان امن، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے ذریعے تعلقات کا نیا باب شروع کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈین حکومت پاکستانی عسکری قیادت کے اقدامات کو سراہتی ہے اور کینیڈین حکومت و عوام پاکستان کے امن کیلئے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...