پنجاب: دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، کالا باغ میں درمیانے درجے کا سیلاب
لاہور: (دنیا نیوز) شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جہاں پانی کی آمد 4 لاکھ 25 ہزار جبکہ اخراج 4 لاکھ 16 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 67 ہزار، چشمہ پر 3 لاکھ 60 ہزار جبکہ تونسہ میں 3 لاکھ 17 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال نارمل ہے۔
دوسری جانب نالہ پلکھو، وزیرآباد میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جہاں پانی کا ڈسچارج 5 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ ایک میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 72 فیصد بھر چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments