یورپ کو اپنے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود سنبھالنا ہوگی، امریکا کا واضح پیغام
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمہ دفاع کے اعلیٰ عہدیدار ایلبرج کولبی نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ یورپ کو اپنے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود سنبھالنا ہوگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایلبرج کولبی نے اپنے بیان میں کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی اور سکیورٹی حالات کے تناظر میں نیٹو کو خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالنا ہوگا، امریکا یورپ میں اپنی فوجی موجودگی کا جامع جائزہ لے رہا ہے، تاہم یہ جائزہ صرف فوجی اڈوں اور امریکی فوجیوں کی تعیناتی تک محدود نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یورپ اب بھی امریکا کیلئے انتہائی اہم خطہ ہے، تاہم یورپی ممالک کو اپنے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود سنبھالنا ہوگی، امریکا یورپ کے دفاع میں یورپی قیادت کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتا ہے تاکہ یورپی اتحادی اپنی سلامتی کیلئے زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ایلبرج کولبی کا کہنا تھا کہ یورپ میں امریکی فوجی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے نیٹو اتحادیوں سے مشاورت ضروری ہے، واشنگٹن کا مقصد اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایسا دفاعی ڈھانچہ تشکیل دینا ہے جو موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکے۔
خیال رہے کہ امریکی فوجی پالیسی میں یہ جائزہ ایسے وقت میں اہمیت اختیار کرگیا ہے جب نیٹو اتحادیوں پر اپنے دفاعی اخراجات اور یورپی سلامتی میں زیادہ ذمہ داری ادا کرنے کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے، امریکا طویل عرصے سے یورپی ممالک پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور براعظم کے دفاع میں واشنگٹن پر انحصار کم کریں۔
کولبی کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ امریکا یورپ سے اپنی وابستگی ختم کرنے کے بجائے خطے میں اپنی فوجی موجودگی اور ذمہ داریوں کو نئے تقاضوں کے مطابق ترتیب دینے پر غور کر رہا ہے۔
تاہم حتمی پالیسی اور امریکی فوجیوں کی تعیناتی میں ممکنہ تبدیلیوں کا انحصار جاری جائزے اور نیٹو اتحادیوں سے مشاورت پر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments