حکومت کا سانحہ پمز کے لواحقین کیلئے فی کس 50 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے سانحہ پمز کے لواحقین کیلئے فی کس 50 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی حکومت نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے، معاوضہ قیمتی انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں، جاں بحق ہونے والے بچے واپس نہیں لائے جا سکتے۔
تاہم حکومت کی جانب سے یہ معاونت غمزدہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے اور ان کے دکھ میں کچھ مداوا کرنے کی ایک کوشش ہے، حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ سانحہ پمز پر وزیراعظم کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان نے فائر بریگیڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا تھا اور کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے افسران سمیت ریسکیو آپریشن میں شامل عملے کے بیانات قلمبند کئے گئے تھے۔
کمیٹی نے آگ لگنے سے لے کر ریسکیو ٹیموں کے جائے وقوعہ پر پہنچنے تک کی ٹائم لائن کا بھی جائزہ لیا تھا، تحقیقاتی کمیٹی نے فائر بریگیڈ کی رسپانس اور کارروائی کا جائزہ لینے کے ساتھ ریسکیو آپریشن کے دوران پیش آنے والی رکاوٹوں اور مشکلات سے متعلق بھی معلومات حاصل کی تھیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان ہیں، جبکہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments