جونیئر ایشیا کپ: پاکستانی ویمن ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، ہانگ کانگ کو دھول چٹا دی
موقی (دنیا نیوز) پاکستان کی جونیئر ویمن ہاکی ٹیم نےاے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ 2026 میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے چیلنجر پول کے افتتاحی میچ میں ہانگ کانگ چائنا کو **2-0 سے شکست دے دی۔
پاکستان کی کامیابی میں قومی کھلاڑی شارقہ نے اہم کردار ادا کیا اور دونوں گول اسکور کیے۔
چین کے شہر موقی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور ہانگ کانگ چائنا کے گول پر مسلسل حملے کیے، تاہم پہلے تین کوارٹرز میں پاکستانی ٹیم حریف کی مضبوط دفاعی لائن کو توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
پاکستان کو پہلی کامیابی 34ویں منٹ میں ملی، جب شارقہ نے شاندار فیلڈ گول کرکے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔ شارقہ نے 48ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر پاکستان کی برتری 2-0 کردی۔
دوسرے گول کے بعد بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور حریف کے گول پر دباؤ برقرار رکھا، جبکہ دفاعی کھلاڑیوں نے بھی عمدہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
ہانگ کانگ چائنا کی ٹیم نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے تمام حملوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی کلین شیٹ برقرار رکھی۔
یوں پاکستان جونیئر ویمن ہاکی ٹیم نے چیلنجر پول کے اپنے پہلے میچ میں 2-0 کی شاندار کامیابی حاصل کرکے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments