پاکستان میں 5G کی اوسط ڈاؤن لوڈ سپیڈ 127.74 ایم بی پی ایس ریکارڈ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں فائیوجی رول آؤٹ سے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق پاکستان میں فائیوجی کی اوسط ڈاؤن لوڈ سپیڈ 127.74 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے اوپن سگنل کے تعاون سے 2026 کی دوسری سہ ماہی کی موبائل نیٹ ورک بینچ مارکنگ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں ملک کے 20 شہروں میں موبائل نیٹ ورک کے صارف تجربے کا جائزہ لیا گیا، جس میں فورجی اور فائیوجی ٹیکنالوجیز کی کارکردگی کا موازنہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان فائیوجی کی ڈاؤن لوڈ سپیڈ فورجی کے مقابلے میں تقریباً 6.8 گنا زیادہ ریکارڈ ہوئی، جبکہ فائیوجی کی قومی اوسط اپ لوڈ سپیڈ 12.7 ایم بی پی ایس رہی۔
پی ٹی اے اور اوپن سگنل کی رپورٹ 90 روز کے حقیقی صارفین کے ڈیٹا پر مبنی ہے، موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کا جائزہ صارفین کے حقیقی استعمال، ویڈیو سٹریمنگ، کالز اور ویب براؤزنگ سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فائیوجی پر صارفین کے نیٹ ورک استعمال کا وقت 3.95 فیصد جبکہ فورجی پر یہ شرح 93.67 فیصد رہی، 5Gپر ویڈیو ایکسپیرینس سکور 100 میں سے 67.33 جبکہ موبائل گیمنگ ایکسپیرینس سکور 62.05 ریکارڈ کیا گیا۔
پی ٹی اے رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ فائیوجی کے نتائج ابتدائی نوعیت کے ہیں اور انہیں قومی سطح پر حتمی کارکردگی کا عکس قرار نہیں دیا جاسکتا، پاکستان میں فائیوجی نیٹ ورک کی تعیناتی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، جبکہ اس کی کوریج محدود اور صارفین کی تعداد بھی کم ہے۔
رپورٹ میں مختلف شہروں کی سطح پر فورجی ڈاؤن لوڈ، اپ لوڈ، ویڈیو اور گیمنگ ایکسپیرینس کا بھی موازنہ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں فورجی کی قومی اوسط ڈاؤن لوڈ سپیڈ 18.9 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہائی اینڈ ڈیوائسز پر G4 کی اوسط ڈاؤن لوڈ سپیڈ 31.3 ایم بی پی ایس رہی۔
فورجی کی قومی اوسط اپ لوڈ سپیڈ 5.32 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments