پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے، اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی ضروری اقدامات کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور طوفان کی صورت میں شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کی گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...