لاہور میں ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی کے گھر فائرنگ، اہلیہ اور بچے محفوظ
لاہور: (دنیا نیوز) مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایم پی اے سردار عون حمید ڈوگر کی طارق گارڈن لاہور میں واقع رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ 8 اکتوبر کی رات تقریباً 11 بجے پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رہائش گاہ کے باہر سے آٹومیٹک اسلحے سے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گھر کے شیشوں، دیواروں اور دیگر اشیا کو نقصان پہنچا جبکہ گھر کے اندر کھڑی 2 گاڑیوں کو بھی گولیاں لگیں۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ فائرنگ کے وقت سردار عون حمید ڈوگر کی اہلیہ اور بچے گھر میں موجود تھے، اہل خانہ نے فائرنگ کے دوران اپنی جان بچائی جبکہ مسلح افراد واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
لاہور پولیس کے مطابق فائرنگ کا مقدمہ 9 اکتوبر کو تھانہ کاہنہ میں ایم پی اے کے سالے محمد جنید شعیب ڈوگر کی درخواست پر تعزیرات پاکستان کی دفعات 324 اور 440 کے تحت درج کیا گیا، نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب رکن پنجاب اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر کا کہنا تھا کہ میرے لاہور والے گھر پر فائرنگ ہوئی، میں اس وقت لاہور میں موجود نہیں تھا بلکہ اپنے حلقے میں تھا، تاہم میری فیملی گھر میں موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ جس کمرے میں میرے بچے اور اہلیہ موجود تھے اسی کمرے پر فائرنگ کی گئی، اللہ تعالیٰ نے ان کی جان بچائی، ہم اس گھر میں 2016 سے رہائش پذیر ہیں۔
سردار عون حمید ڈوگر نے مزید کہا کہ میرے گھر پر فائرنگ کا مقدمہ درج ہوچکا ہے، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments