یورپ میں منجمد روسی اثاثے امریکی کنٹرول میں دینے کی کوششوں سے لاعلم ہیں: کریملن
ماسکو: (شاہد گھمن) کریملن نے کہا ہے کہ روس کو یورپ میں منجمد اپنے اثاثے بحال کر کے امریکی کنٹرول میں دینے کی مبینہ کوششوں کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہیں۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو اس معاملے سے لاعلم ہے اور ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی اطلاعات کی ساکھ کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی۔
دیمتری پیسکوف کے مطابق میڈیا رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاملہ امریکا اور یورپی ممالک کے درمیان جاری مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ ہوسکتا ہے، تاہم روس کو اس بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی نمائندوں نے میامی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران یورپ میں منجمد روسی اثاثوں کو امریکی کنٹرول میں لانے کی تجویز پیش کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اس اقدام کو یوکرین تنازع کے حل میں مدد دینے کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا، تاہم یورپی یونین کے نمائندوں نے مبینہ طور پر یہ تجویز مسترد کردی۔
کریملن نے واضح کیا کہ ان اطلاعات کی صداقت کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments