چین: دلہا اور دلہن دونوں کا ایک ہی نام، سوشل میڈیا پر وائرل
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک نوبیاہتا جوڑا اپنے منفرد اتفاق کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں دلہا اور دلہن کا نہ صرف نام ایک ہے بلکہ دونوں کا تعلق بھی ایک ہی پیشہ ورانہ شعبے سے ہے۔
چینی صوبے ژجیانگ میں 6 اکتوبر کو شادی کرنے والے 33 سالہ دلہا اور 28 سالہ دلہن دونوں کا نام زو شیاؤ کونگ ہے، جسے چینی زبان میں ایک ہی حروف کے ساتھ لکھا جاتا ہے۔
دلہن کے مطابق ان کے بعض رشتے دار، جو دلہا کو نہیں جانتے تھے، ابتدا میں سمجھے کہ شادی کے انتظامات کرنے والے شخص سے نام لکھنے میں غلطی ہوگئی ہے، تاہم حقیقت سامنے آنے پر انہوں نے اسے محض اتفاق کے بجائے قسمت کا لکھا قرار دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کا تعلق ایک ہی صوبے ژجیانگ سے ہے اور وہ سول ایوی ایشن کے شعبے میں کام کرتے ہیں، دلہن بطور فلائٹ اٹینڈنٹ خدمات انجام دیتی ہیں، جبکہ دلہا ایوی ایشن سیفٹی آفیسر ہیں۔
دونوں کی پہلی ملاقات 2016 میں ایک جاب فیئر کے دوران ہوئی تھی، اس موقع پر جب انٹرویو لینے والے شخص نے زو شیاؤ کونگ کا نام پکارا تو دونوں بیک وقت کھڑے ہوگئے، اس وقت انہوں نے اسے ایک معمولی اتفاق سمجھا، تاہم بعد میں دلہا کے ایک ساتھی نے، جو دلہن کے ساتھ تعلیم حاصل کر چکا تھا، دونوں کے یکساں ناموں کو محسوس کیا اور انہیں ایک دوسرے سے متعارف کروا دیا۔
جوڑا 2019 سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھا، تاہم یکساں نام ہونے کی وجہ سے انہیں بعض عملی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال مئی میں شادی کی رجسٹریشن اور جائیداد کی ملکیت کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دیتے وقت کمپیوٹر سسٹم کو دونوں کی معلومات الگ الگ شناخت کرنے میں دشواری پیش آئی، جس کے باعث متعلقہ عملے کو بعض کارروائیاں دستی طور پر مکمل کرنا پڑیں۔
یوں ایک جیسے ناموں سے شروع ہونے والا یہ دلچسپ اتفاق نہ صرف دونوں کو قریب لانے کا سبب بنا بلکہ ان کی شادی کو بھی سوشل میڈیا پر ایک منفرد کہانی بنا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments