ٹیسلا کی فلائنگ کار نے ’اڑان‘ بھر لی، 2028 میں پروڈکشن کا اعلان

ٹیکساس: (دنیا نیوز) امریکی کمپنی ٹیسلا نے اپنی نئی نسل کی روڈسٹر اسپورٹس کار کی رونمائی کردی، جس نے مظاہرے کے دوران مختصر طور پر ہوا میں بلند ہونے، فضائی گردش کرنے اور دوبارہ زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔

نئی روڈسٹر کو اسپیس ایکس کی راکٹ ٹیکنالوجی سے متاثرہ تھرسٹرز سے لیس کیا گیا ہے۔ گاڑی میں کمپریسڈ ایئر تھرسٹرز اور تقریباً 10 نوزلز استعمال کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے اسے ہوا میں بلند کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

مظاہرے کے دوران گاڑی نے ریمپ پر الٹی سمت میں چلنے، ہوا میں چھلانگ لگانے اور دورانِ پرواز گردش کرنے کے بعد محفوظ طریقے سے زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔

تاہم یہ گاڑی ابھی روایتی طیارے یا ہیلی کاپٹر کی طرح مسلسل پرواز کرنے کی صلاحیت کا عملی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔ ٹیسلا کے مطابق نئی روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں حاصل کرسکتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ سے زائد بتائی گئی ہے۔

کمپنی نے اس گاڑی کو اپنی جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ صلاحیتوں کی نمائش کے طور پر پیش کیا ہے۔ ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کے مطابق گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

واضح رہے کہ نئی روڈسٹر کا تصور پہلی بار 2017 میں پیش کیا گیا تھا اور اس کی ڈیلیوری 2020 میں شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم منصوبہ متعدد مرتبہ تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...