دبئی میں ڈرائیونگ کے دوران نیند آنے سے ٹرک حادثے کا شکار، پولیس کا انتباہ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں دورانِ ڈرائیونگ نیند آنے کے باعث ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور معمولی زخمی ہوا ہے، واقعے کے بعد دبئی پولیس نے گاڑی چلانے والوں کو تھکاوٹ اور نیند کی حالت میں ڈرائیونگ سے گریز کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

حادثہ دبئی کی مصروف شاہراہ امارات روڈ، ای 611، پر پیش آیا، جہاں ٹرک بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے نصب حفاظتی رکاوٹ سے ٹکرا گیا۔

دبئی پولیس کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ٹرک ڈرائیور کو گاڑی چلاتے ہوئے نیند آنا تھا، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھ سکا، ٹرک کے حفاظتی رکاوٹ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ تھکاوٹ، نیند کی کمی اور مسلسل طویل سفر حادثات کے خطرات میں اضافہ کر سکتے ہیں، خصوصاً بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مناسب آرام کے بعد سفر شروع کریں اور نیند یا غیر معمولی تھکاوٹ محسوس ہونے کی صورت میں محفوظ مقام پر گاڑی روک کر آرام کریں۔

دبئی پولیس کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے چند لمحوں کے لیے توجہ ختم ہونا بھی سنگین حادثے کا سبب بن سکتا ہے، بھاری گاڑیوں کے حادثات نہ صرف ڈرائیور بلکہ دیگر گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، اس لیے ٹریفک قوانین کی پابندی اور مکمل توجہ کے ساتھ ڈرائیونگ انتہائی ضروری ہے۔

یہ واقعہ متحدہ عرب امارات میں روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں افراد، بالخصوص ٹرک، بس، ٹیکسی اور طویل فاصلے کی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں کے لیے اہم حفاظتی یاد دہانی ہے۔

دبئی پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے تھکاوٹ کی حالت میں گاڑی چلانے سے اجتناب کریں اور سڑک پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...