اماراتی ریاست میں خودکار گاڑیوں کی آزمائش کا مرکز قائم، روبوٹیکسی ٹرائلز میں توسیع

راس الخیمہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ نے خودکار گاڑیوں کی آزمائش کیلئے خصوصی مرکز قائم کرتے ہوئے روبوٹیکسی کے تجربات کا دائرہ الضعیت ساؤتھ تک بڑھا دیا ہے، جسے مستقبل کے جدید ٹرانسپورٹ نظام کی تیاری میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جمعہ 30 اکتوبر کو خودکار نقل و حرکت کا فریم ورک اور آٹونومس وہیکل سینڈ باکس منصوبہ متعارف کروایا، تقریب میں متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی سمیت مختلف سرکاری اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

منصوبے کا مقصد ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کو آزمانے اور جانچنے کیلئے مربوط ماحول فراہم کرنا اور خودکار گاڑیوں و جدید نقل و حمل کے شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق روبوٹیکسی کے ابتدائی تجربات 2026ء کے اوائل میں جزیرہ المرجان پر شروع کیے گئے تھے، جن کے دوران گاڑیوں نے 21 ہزار کلومیٹر سے زائد سفر کیا۔ اس دوران حاصل ہونے والے عملی اعداد و شمار کی مدد سے گاڑیوں کی کارکردگی، حقیقی حالات میں ان کی صلاحیت اور مستقبل میں آپریشنل ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔

روبوٹیکسی کے تجربات کو الضعیت ساؤتھ تک بڑھانے کا مقصد مختلف مقامات اور حالات میں خودکار گاڑیوں کی کارکردگی جانچنا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں ریاست کے وسیع تر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا سکے۔

اس سے قبل جزیرہ المرجان پر خودکار روبوبس کی آزمائش بھی کی جا چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...