شارجہ میں کتابوں کا عالمی میلہ آج سے شروع، 126 ممالک سے 17 لاکھ کتابیں توجہ کا مرکز

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے ثقافتی مرکز شارجہ میں دنیا بھر کی کتابوں، ادب اور علم و دانش کا عظیم الشان میلہ آج 4 نومبر سے شروع ہو رہا ہے۔

شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 45ویں ایڈیشن میں 126 ممالک سے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان شریک ہوں گے، جبکہ 17 لاکھ کتابیں اس عالمی ادبی اجتماع کی رونق بڑھائیں گی، میلہ ایکسپو سینٹر شارجہ میں 15 نومبر تک جاری رہے گا۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اس سال کتاب میلے میں 106 بین الاقوامی مہمانوں کی شرکت اور تقریباً 1500 ثقافتی و تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، ان سرگرمیوں میں ادبی نشستیں، مصنفین سے ملاقاتیں، کتابوں کے تعارف، فکری مکالمے اور تخلیقی پروگرام شامل ہوں گے، جو مختلف عمر کے قارئین کو علم و ادب کی دنیا سے جوڑنے کا موقع فراہم کریں گے۔

اس سال سلطنت عمان کو خصوصی مہمان ملک کا اعزاز دیا گیا ہے، جو اپنی ادبی، تاریخی اور ثقافتی روایات کو مختلف پروگراموں کے ذریعے پیش کرے گا، عمان سے 50 شخصیات شریک ہوں گی، جن میں 41 ادیب اور شاعر شامل ہیں، معروف مراکشی محقق ڈاکٹر سعید یقطین کو عربی ادب اور تنقید میں نمایاں خدمات پر سال کی ثقافتی شخصیت کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ Emirates News Agency

پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھی کتاب میلے میں دلچسپی کا سامان موجود ہے، پاکستان سے تعلق رکھنے والی شیف کوثر راجہ عالمی کھانوں کے خصوصی پروگرام میں شریک ہوں گی، جبکہ مختلف ممالک کے ادیب، فنکار اور ماہرین اپنے تجربات پیش کریں گے، بچوں کیلئے تعلیمی سرگرمیوں، تخلیقی ورکشاپس اور مختلف پیشوں سے واقفیت کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

زائرین کی سہولت کیلئے دبئی اور عجمان سے بس سروس، شارجہ کے 2 مقامات سے مفت کشتی سروس اور اضافی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، دبئی کے اتصالات میٹرو اسٹیشن اور سٹی سینٹر عجمان سے روزانہ صبح 9 بجے، دوپہر ایک بجے اور شام 5 بجے بسیں روانہ ہوں گی، جبکہ واپسی کی بسیں دوپہر 12 بجے، شام 4 بجے اور رات 9 بجے دستیاب ہوں گی۔

شارجہ کتاب میلہ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں کتابوں کی خریداری کے ساتھ دنیا بھر کے ادیبوں سے ملاقات اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...