پنجاب اسمبلی میں نہری نظام جدید خطوط پر استوار کرنے کی تجویز پیش
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن احسن رضا خان نے نہری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہروں کا پرانا نظام ختم کرکے جدید نہری نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
احسن رضا خان کا کہنا تھا کہ نہروں کی بحالی نہ ہونے کے باعث پانی ضائع ہو رہا ہے جبکہ کسانوں کے ٹیوب ویلز کے ذریعے زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے، زیر زمین پانی کی گرتی سطح زراعت کے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہری نظام کی بحالی کے بغیر پانی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، دنیا جدید ٹیکنالوجی میں آگے نکل گئی لیکن ہمارا نہری نظام آج بھی پرانا ہے اور روایتی و دستی طریقہ کار کے تحت چلایا جا رہا ہے۔
احسن رضا خان نے کہا کہ 1952 سے آج تک ہم اپنے نہری نظام کو جدید خطوط پر استوار نہیں کر سکے، نہروں کی پختگی اور بحالی سے پانی کی بڑی مقدار بچائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو نہری نظام کی بہتری اور پانی کے تحفظ پر فوری توجہ دینی چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments