شارجہ: بچوں کو ماحولیات اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہی کیلئے 3 منفرد کتابیں متعارف

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے 45ویں ایڈیشن میں بچوں کے لیے تین نئی تصویری کتابوں کی رونمائی کی گئی، جن کا مقصد کم عمر قارئین کو ماحولیاتی تحفظ، شہری ذمہ داریوں اور معاشرتی تعاون کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔

تقریب میں شارجہ کے نائب حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن احمد القاسمی اور کلمات گروپ کی بانی و چیف ایگزیکٹو شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی نے خصوصی شرکت کی۔

ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقدہ تقریب کے دوران کلمات گروپ اور دبا الحصن بلدیہ کے اشتراک سے تیار کردہ ’’فرینڈز آف دبا الحصن میونسپلٹی‘‘ کے عنوان سے تین کتابوں پر مشتمل سلسلہ متعارف کرایا گیا۔

عربی اور انگریزی زبانوں میں شائع ہونے والی ان کتابوں میں دلچسپ کہانیوں اور رنگین تصاویر کے ذریعے بچوں کو روزمرہ زندگی میں بلدیاتی اداروں کے کردار سے روشناس کرایا گیا ہے۔

کتابوں کی کہانیاں دو بچوں راشد اور مریم اور ان کے دادا سعید کے گرد گھومتی ہیں، جو مختلف سرگرمیوں کے دوران تعمیراتی تحفظ، ساحلوں کی صفائی، سمندری حیات کی حفاظت اور درختوں کی دیکھ بھال جیسے اہم موضوعات کے بارے میں سیکھتے ہیں۔

پہلی کتاب ’’دادا سعید کی لائبریری‘‘ مصنفہ مریم الجمال کی تحریر ہے، جس میں راشد اپنے دادا کے باغ میں ایک لائبریری تعمیر کرنے کے دوران بلدیہ کے تعمیراتی نگرانی اور حفاظتی ضوابط کے بارے میں معلومات حاصل کرتا ہے۔

دوسری کتاب ’’ساحل کے محافظ‘‘ نورہ الخوری نے تحریر کی ہے، جس میں بچوں کو ساحلوں اور عوامی مقامات کی صفائی اور سمندری ماحول کے تحفظ کی اہمیت سمجھائی گئی ہے۔

تیسری کتاب ’’مریم کا ننھا کھجور کا درخت‘‘ مصنفہ نادیہ النجار کی تخلیق ہے، جو بچوں کو شجرکاری، کھجور کے درختوں کی دیکھ بھال اور متحدہ عرب امارات کے زرعی ورثے سے متعارف کراتی ہے۔

شارجہ کتاب میلے کے دوران چھ سے نو سال کی عمر کے بچوں کے لیے مصنفین سے ملاقات اور کتابوں پر دستخط کی خصوصی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا، مریم الجمال کی نشست 9 نومبر، نورہ الخوری کی 10 نومبر کو مقرر کی گئی، جبکہ نادیہ النجار کی نشست 12 نومبر کو ہوگی۔

تقریب میں متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ سالم بن خالد القاسمی، نیشنل میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد بن بطی الحامد، دبا الحصن بلدیہ کے ڈائریکٹر طالب عبداللہ الیحیائی اور کلمات گروپ کے جنرل منیجر احمد العلی سمیت متعدد اعلیٰ حکام اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔

منتظمین کے مطابق اس ادبی منصوبے کا مقصد بچوں میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ماحول دوست رویوں، اجتماعی ذمہ داری اور اپنے شہر کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...