شام میں گولہ بارود کے دھماکوں سے ایک ہفتے میں 4 بچے جاں بحق، متعدد افراد زخمی
دمشق: (دنیا نیوز) شام میں بارودی سرنگوں اور جنگ کے دوران پھٹ نہ سکنے والے گولہ بارود کے دھماکوں سے ایک ہفتے کے دوران 4 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عالمی امدادی تنظیم سیو دی چلڈرن نے خبردار کیا ہے کہ برسوں کی جنگ کے بعد گھروں کو واپس لوٹنے والے خاندانوں، خاص طور پر بچوں کی زندگیاں شدید خطرے میں ہیں۔
تازہ واقعے میں پالمیرا کے قریب 8 سے 12 سال کی عمر کے تین بچے بھیڑیں چراتے ہوئے ناکارہ گولہ بارود کے دھماکے میں ہلاک ہوگئے جبکہ گزشتہ ہفتے ایک سکول میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک بچہ جاں بحق اور بچوں و اساتذہ سمیت 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ کے مطابق دسمبر 2024 سے اب تک شام میں بارودی سرنگوں اور ناکارہ دھماکہ خیز مواد سے 269 بچے ہلاک اور ایک ہزار 616 زخمی ہوچکے ہیں۔
یونیسیف کے اندازے کے مطابق شام میں 50 لاکھ بچے ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد کا خطرہ موجود ہے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments