سپیس ایکس کی تاریخ ساز کامیابی، سٹار شپ کی زمین پر کامیاب واپسی
ٹیکساس: (دنیا نیوز) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے اسٹار شپ نے خلا سے زمین پر واپسی کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 گھنٹے سے زائد خلا میں رہنے اور زمین کے 14 چکر مکمل کرنے کے بعد اسٹار شپ امریکی ریاست ٹیکساس میں لانچنگ ٹاور پر واپس پہنچ گیا۔
اسٹار شپ کا یہ 15واں تجربہ تھا اور پہلی بار راکٹ کے دونوں حصوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کی گئی۔ اسپیس ایکس کا مقصد اسٹار شپ کے اوپری اور نچلے دونوں حصوں کو مکمل طور پر دوبارہ قابلِ استعمال بنانا ہے۔
واضح رہے کہ اسٹار شپ کو دنیا کا طاقتور ترین راکٹ قرار دیا جاتا ہے، جو دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں سپر ہیوی بوسٹر شامل ہے، جس میں 33 انجن نصب ہیں، جبکہ دوسرا حصہ اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر سے الگ ہوکر خلا میں سفر کرتا ہے۔
— SpaceX (@SpaceX) November 14, 2026
اسٹار شپ کی خلا سے واپسی کا تاریخی منظر دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی اس کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے، ناسا اس دہائی کے آخر میں آرٹیمس مشن کے تحت خلابازوں کو چاند پر اتارنے اور مستقل قمری اڈہ بنانے کے منصوبے میں اسٹار شپ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اربوں ڈالر ادا کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ راکٹ 120 میٹر لمبا اور اس کا وزن تقریباً 50 لاکھ کلوگرام ہے، جسے بار بار استعمال کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
اسپیس ایکس پہلے ہی ناسا کے ساتھ معاہدہ کرچکی ہے، جس کے تحت اسٹار شپ کے ذریعے کئی دہائیوں بعد دوبارہ انسانوں کو چاند پر پہنچایا جائے گا۔
ناسا کے آرٹیمس 3 مشن کے تحت خلابازوں کو چاند کی سطح پر اتارنے کے لیے اسٹار شپ استعمال کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک مستقبل میں مریخ پر شہر بسانے کے منصوبے کے تحت اسٹار شپ راکٹس کا ایک بڑا بیڑا تیار کرنا چاہتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments