اسلام آباد پولیس لائنز میں 13 سالہ بچی کی پُراسرار ہلاکت، مقدمہ درج

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں رہائش پذیر 13 سالہ بچی فاطمہ اصغر کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر تھانہ شمس کالونی پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 13 سالہ فاطمہ اصغر کا تعلق ضلع راجن پور سے تھا اور وہ اسلام آباد پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں ایک سینئر پولیس افسر کے گھر رہائش پذیر تھی، مذکورہ سینئر پولیس افسر بچی کا قریبی رشتہ دار بھی بتایا جاتا ہے۔

مقتولہ کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ انہیں اطلاع دی گئی تھی کہ ان کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے، بچی کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔

والد کا کہنا تھا کہ بیٹی کے جسم کا معائنہ کرنے پر تشدد کے نشانات پائے گئے، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بچی کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں استدعا کی کہ ان کی بیٹی کی ہلاکت کی وجوہات معلوم کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واقعے کے بعد تھانہ شمس کالونی پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، بچی کی موت کی اصل وجوہات، جسم پر موجود مبینہ تشدد کے نشانات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا تعین تحقیقات کے ذریعے کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...