بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے وفاقی محکموں میں ہزاروں ملازمتوں کا اعلان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے وفاقی محکموں میں خصوصی بھرتیوں کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، منصوبے کے تحت 13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں بھرتیوں کا عمل کل سے شروع ہوگا۔
وفاقی محکموں میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے مجموعی طور پر 5 ہزار ملازمتیں مختص کی گئی ہیں، جن پر مرحلہ وار بھرتیاں کی جائیں گی، اس اقدام کا مقصد صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کو ان کے اپنے علاقوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں ملازمت کے حصول کیلئے دوسرے شہروں کا رخ کرنے کی مشکلات سے بچانا ہے۔
حکام کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو شفاف اور میرٹ کے مطابق مکمل کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں 100 سے زائد وفاقی کمیٹی ممبران اور متعلقہ حکام بھرتیوں کی نگرانی کریں گے، جبکہ سیکرٹریز اور وفاقی سیکرٹریز پر مشتمل کمیٹیوں کے ارکان خود بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کرکے بھرتی کے عمل میں حصہ لیں گے تاکہ امیدواروں کی اہلیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔
وفاقی حکومت کے اس خصوصی اقدام کے تحت مختلف وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے پر بلوچستان کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اس منصوبے کو صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے، نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور وفاقی اداروں میں بلوچستان کی نمائندگی بڑھانے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments