لاہور ہائیکورٹ نے کسانوں کو صارف عدالت سے رجوع کا حق دے دیا
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی کھاد کے استعمال سے فصل کی پیداوار کم ہونے کے معاملے میں کسان کو صارف عدالت سے رجوع کرنے کا حق دے دیا، عدالت نے صارف عدالت گوجرانوالہ کی جانب سے کسان کی شکایت خارج کرنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے بھجوا دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار حسین نے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ کاشتکاری سے روزگار کمانے والا شخص بھی صارف تحفظ قانون کے تحت صارف تصور ہو سکتا ہے، فصل کی پیداوار کم ہونے کے نتیجے میں منافع میں کمی کو محض کھاد کی خریداری کا تجارتی مقصد قرار نہیں دیا جا سکتا، جبکہ صرف منافع میں کمی کے بیان پر صارف کی شکایت ابتدائی مرحلے میں خارج نہیں کی جا سکتی۔
عدالت نے قرار دیا کہ زرعی کھاد بھی پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مصنوعات میں شامل ہے اور خود روزگار کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات کی خریداری کو قانون میں تجارتی مقصد سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، کھاد سے فصل کی پیداوار متاثر ہونے کی شکایت کا فیصلہ شواہد کی روشنی میں کیا جانا چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ کھاد کے جعلی یا ناقص ہونے، اس کے اصل ماخذ اور کھاد فروخت کرنے والے ڈیلر یا کمپنی کی ذمہ داری کا تعین بھی شواہد کی بنیاد پر کیا جائے گا، جعلی کھاد کی فروخت یا ناقص کھاد کا معاملہ محض اس بنیاد پر صارف عدالت کے دائرہ اختیار سے خارج نہیں ہوتا۔
عدالت نے کسان کی اپیل منظور کرتے ہوئے صارف عدالت گوجرانوالہ کا 23 اپریل 2024 کا شکایت خارج کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا اور ہدایت کی کہ کسان کی شکایت دوبارہ زیرِ سماعت تصور کی جائے۔
فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور شواہد فراہم کرنے کا موقع دیا جائے جبکہ صارف عدالت معاملے کا قانون کے مطابق نئے سرے سے فیصلہ کرے، کسان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ خریدی گئی کھاد جعلی یا ناقص ہونے کے باعث فصل کی پیداوار متاثر ہوئی، تاہم صارف عدالت نے ابتدائی مرحلے میں شکایت خارج کر دی تھی، جسے لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments