فارمولا ون انتظامیہ اور ٹیموں کا متفقہ فیصلہ، ریسنگ کاریں ہلکی اور کم پیچیدہ بنانے کی تیاری

دبئی: (سید مدثر خوشنود) عالمی موٹر سپورٹس کی نگران تنظیم انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن (ایف آئی اے) نے فارمولا ون ریسنگ کے مستقبل سے متعلق اہم تکنیکی فیصلے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت 2030ء سے نئے پاور یونٹس متعارف کروانے کے بنیادی فریم ورک پر اتفاق ہوگیا ہے۔

اس فیصلے میں ایف آئی اے، فارمولا ون مینجمنٹ، ریسنگ ٹیموں اور پاور یونٹ تیار کرنے والی کمپنیوں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا، نئے منصوبے کا مقصد ریسنگ کاروں کی تکنیکی پیچیدگی اور اخراجات کم کرنے کے ساتھ ان کا وزن گھٹانا اور مقابلوں کو مزید دلچسپ بنانا ہے۔

ایف آئی اے کے اعلان کے مطابق 2030ء کے تکنیکی فریم ورک میں 2.1 لیٹر ٹربو چارجڈ وی ایٹ انجن کو بنیادی پاور یونٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، مجوزہ نظام میں محدود ہائبرڈ ٹیکنالوجی اور پائیدار تکنیکی حل شامل ہوں گے، جبکہ انجن اور گاڑیوں کے ڈیزائن میں ایسی تبدیلیاں متعارف کرانے کی منصوبہ بندی ہے جن سے ریسنگ کاریں موجودہ ماڈلز کے مقابلے میں ہلکی اور زیادہ پھرتیلی ہوسکیں گی۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق نئے تکنیکی منصوبے کا ایک اہم مقصد ریسنگ کے اخراجات اور تکنیکی پیچیدگی میں کمی لانا ہے تاکہ مستقبل میں زیادہ مؤثر اور مسابقتی مقابلوں کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے، ایف آئی اے نے پائیدار ٹیکنالوجی کو نئے پاور یونٹ کا اہم حصہ قرار دیا ہے، جبکہ وی ایٹ انجن کی مخصوص آواز اور فارمولا ون ریسنگ کی روایتی دلچسپی برقرار رکھنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

فارمولا ون کے نئے تکنیکی فریم ورک پر اتفاق عالمی موٹر اسپورٹس کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے، منصوبے کے تحت گاڑیوں کے ڈھانچے اور انجن کے نظام کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ بنانے پر کام کیا جائے گا تاکہ ریس کے دوران ڈرائیورز کی مہارت اور قریبی مقابلوں کو زیادہ اہمیت حاصل ہو، تاہم یہ 2030ء کیلئے طے شدہ تکنیکی فریم ورک ہے اور اس اعلان سے موجودہ فارمولا ون سیزن کے انجن قوانین میں فوری تبدیلی نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...