بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ کل حلف اٹھائے گی

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ کل حلف اٹھائے گی، گورنر اور وزیراعلیٰ کے اسلام آباد جوائنٹ سیشن میں شرکت کے باعث تقریب حلف برداری آج ملتوی کردی گئی ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق صوبائی کابینہ کل دوپہر 12 بجے حلف اٹھائے گی، کابینہ سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ حلف لیں گے، کابینہ میں 14 وزرا شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے 6، 6 ارکان وزارت کا حلف اٹھائیں گے، پیپلز پارٹی کے صادق عمرانی، علی مدد جتک، ظہور بلیدی حلف اٹھائیں گے۔

پی پی پی کے اسفند یار کاکڑ، لیاقت لہڑی اور فیصل جمالی متوقع وزرا کی فہرست میں شامل ہیں، مسلم لیگ ن کے سردار عبد الرحمان کھیتران، سلیم کھوسہ، راحیلہ حمید درانی بھی متوقع وزرا کی فہرست میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے شعیب نوشیروانی، عاصم کرد گیلو اور نور محمد دومڑ بھی حلف اٹھائیں گے، بلوچستان عوامی پارٹی کے دو اراکین ضیاء لانگو اور پرنس عمر احمد زئی بھی کابینہ کا حصہ ہونگے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں