آئی جی پنجاب کا تحفظ مراکز اور میثاق سینٹرز کی کارکردگی کا جائزہ

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں تحفظ مراکز اور میثاق سینٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ صنفی جرائم، سماجی عدم تحفظ، استحصال اور تشدد کے شکار افراد کی مدد کیلئے آؤٹ ریچ پروگرام میں تیزی لائی جائے، ٹرانس جینڈرز، خواتین اور بچوں سے متعلقہ ایشوز پر متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کریں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ مستحق شہریوں اور بچوں کی مدد کیلئے تمام اضلاع میں تحفظ منزل اور تحفظ درسگاہ کے پراجیکٹس کا قیام عمل میں لائیں گے۔

دوسری طرف آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدام اُٹھا لیا گیا، رواں برس کے ابتدائی 3 ماہ میں81 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد رقم فورس کی ویلفیئر پر خرچ کی گئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 33 کروڑ 83 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد رقم جاری ہوئی، علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لئے 9 کروڑ 58 لاکھ 83 ہزار روپے جاری کئے گئے۔

پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 19 کروڑ 40 لاکھ 35 ہزار روپے دیئے گئے، پولیس فورس کو ضروری مالی امداد کی مد میں 91 لاکھ 60 ہزار روپے دیئے گئے، تدفین اخراجات، ریٹائرمنٹ گرانٹس اور قانونی معاونت کی مد میں بھی کروڑوں روپے جاری کئے گئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور محکمے کے ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے ملازمین کی مشکلات کا ازالہ کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں