وزیر قانون نے عمران خان کی گرفتاری اورمقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قراردیدیا

اسلام آباد: (دنیانیوز)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل آگیا، انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور زیر التوا مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دے دیا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے  اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خودمختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے ، بانی پی ٹی آئی کو ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں۔

ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں، کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کا مظہر ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا ۔

اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے اپنی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور ان کے دیگر ساتھیوں کی فوری طور پر رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  نظربندی اور حراست کا کوئی جواز نہیں، بانی پی ٹی آئی کی حراست غیر قانونی ہے، انہیں سیاسی میدان سے آؤٹ کرنے کیلئے نااہل کیا گیا۔

جنیوا سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حراست پاکستان کا اندرونی معاملہ نہیں رہا، اس معاملے کو عالمی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق دیکھا جائے، الیکشن کے موقع پر بھی دھاندلی کی گئی اور کئی نشستیں ان سے چھین لی گئیں۔

 دوسری جانب امریکا نے عمران خان پر مقدمات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں